ملک اشرف : پی ٹی آئی کی لاہور میں جلسے کی اجازت اور ڈی سی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ،تحریک انصاف کی کیس کی جلد سماعت کی درخواست خارج ، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے درخواست خارج کی۔
جسٹس فاروق حیدر نے پی ٹی آئی کےعہدیدار اکمل خان کی متفرق درخواست پر سماعت کی، پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ لودھی جبکہ درخواستگزار کی جانب سے سردارلطیف کھوسہ، اشتیاق اے خان سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے ، سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس چھوڑ کر یہاں آیا ہوں، یہ انتہائی اہم معاملہ ہے، پی ٹی آئی اکیس ستمبر کو لاہور میں جلسے کا اعلان کرچکی ہے، ڈی سی لاہور ہمیں اجازت نہیں دے رہے، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ لودھی نے کہا پی ٹی آئی نے جو درخواست دی ہے، اس کیلئے نئی پٹیشن ہونی چاہئے، جسٹس فاروق حیدر نے کہا کہ اس معاملے پر توہین عدالت کی درخواست آچکی ہے، جس پرنوٹس کرچکا ہوں۔اب اگرجلسے کیلئے ڈی سی کوکوئی نئی درخواست دی ہے تونئی پٹیشن دائر کریں، اس میں آپ کی متفرق درخواست نہیں بنتی۔ عدالت نے ڈی سی لاہورکیخلاف درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔