(ویب ڈیسک) حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) نے جمعرات کو اپنے عملے کی سروس کی عمر 60 سال سے بڑھا کر 65 سال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بینک کی افرادی قوت کو اپنے خاندانوں کی مالی مدد جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
تفصیلات کےمطابق حبیب بینک لمیٹڈ حکام کا کہناتھا کہ اس فیصلے سے بینک کے تجربہ کار عملے کے اراکین کو اپنی صلاحیتوں کو مزید بروئے کار لانے اور انہیں نوجوان نسل تک پہنچانے کا موقع ملے گا۔ "موجودہ سماجی و اقتصادی ماحول میں یہ پہلی قسم کا قدم ہے جو مالیاتی صنعت کے لیے گیم چینجر ہے۔ فیصلے سے اس بات کو بھی مد نظر رکھا گیا کہ موجودہ عالمی اور مقامی معاشی مشکل وقت میں ملازمین اپنے خاندانوں کی مالی مدد جاری رکھ سکیں۔
بینک کا کہناتھا کہ یکم ستمبر 2022 سے 65 سال کی عمر تک اپنے پورے انتظامی عملے کو برقرار رکھے گا۔ اس اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے HBL کے صدر اور سی ای او محمد اورنگزیب نے کہا کہ بینک نے یہ فیصلہ لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کیا ہے۔
اورنگزیب نے کہا"ایچ بی ایل نے چیئرمین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رہنمائی کے ساتھ سروس کی عمر میں اضافہ کرنے کے لیے قدم اٹھایا تاکہ ہم جن کے ساتھ کام کرتے ہیں اور جن کی ہم خدمت کرتے ہیں ان کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔