عدالت نے کرکٹ گراؤنڈز نجی کمپنیوں کو دینے سے روک دیا

16 Sep, 2022 | 04:19 PM

Abdullah Nadeem

ویب ڈیسک :  عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے کرکٹ گراونڈز نجی کمپنیوں کو دینے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیئرمین ایم سی آئی سردار مہتاب کے حکم امتناع کی درخواست منظور کر لی گئی اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو کرکٹ گراؤنڈز کرائے پر دینے سے روک دیا گیا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے اسٹے آرڈر جاری کر دیا۔

درخواست گزار کے وکیل قاضی عادل ایڈووکیٹ نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے کرکٹ گراؤنڈز میں مفت کرکٹ ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا اور ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کے پاس گراؤنڈز آؤٹ سورس کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے کرکٹ گراؤنڈز نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے چند روز قبل اس حوالے سے ٹینڈرز جاری کیے تھے اور انتظامیہ کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ فیس کا تعین انتظامیہ کا اختیار ہے، فیس کے بغیر اب اسلام آباد میں کرکٹ گراؤنڈ دستیاب نہیں ہو گا۔

دوسری جانب مقامی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ مشکل سے کرکٹ کٹ خریدتے ہیں لیکن اگر گراؤنڈ میں داخل ہونے کے بھی پیسے لیے جائیں گے تو کرکٹ کیسے جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں