افغان طالبان نے لوٹے گئے سوا کروڑڈالر مرکزی بنک میں جمع کرادئیے

16 Sep, 2021 | 02:08 PM

 ویب ڈیسک : افغانستان میں طالبان نے سابق اعلیٰ حکومتی عہدے داروں کے گھروں سے برآمد ہونے والے ایک کروڑ 23 لاکھ ڈالر(دو ارب 97 کروڑ پاکستانی روپے) سرکاری خزانے میں جمع کرا دیے۔ 

 رپورٹ کے مطابق یہ بیان افغانستان کے سرکاری ٹیلی ویژن آر ٹی اے اور مرکزی بینک 'دا افغانستان بانک' کی جانب سے فیس بک پر تصدیق شدہ پیج سے جاری کیے گئے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان کے عہدے داروں کی جانب سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 23 لاکھ 68 ہزار 246 امریکی ڈالرز کے ساتھ سونے کی اینٹیں بھی بینک میں جمع کرائی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ رقم کا زیادہ تر حصہ سابق نائب صدر امر اللہ صالح کے گھر سے ملا ہے۔ باقی رقم سابق افغان حکومت کے کئی دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے گھروں اور سابق حکومت کے زیر انتظام خفیہ ادارے این ڈی ایس  کے ٹھکانوں سے ملی ہے۔امارت اسلامی افغانستان کے عہدے داروں نے پیسے اور سونا بینک کے خزانے میں جمع کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام شعبوں میں شفافیت کے لیے پر عزم ہیں ۔بینک کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ اتنی بڑی نقد رقوم کہاں سے حاصل کی گئیں اور کس مقصد کے لیے رکھی گئی تھیں۔

مزیدخبریں