(رضوان نقوی) پاکستان کسٹمز نے پنکھوں کی برآمدی صنعت کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا،برآمدی ڈیوٹی کی واپسی پر نظرثانی شدہ نیا ایس آر او جاری کر دیا گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے کسٹمز ونگ نے پنکھوں کی صنعت کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے نظرثانی شدہ ایس آر او نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئے ایس آر او کے تحت ڈیوٹی ڈرا بیک کی شرح ایک اعشاریہ بہتر فیصد سے بڑھا کر 4.396 فیصد کردی گئی ہے۔ پنکھوں کی صنعت کے لئے ٹیکس نظام پر 2009 سے کوئی نظرثانی نہیں کی گئی تھی جس کے باعث پنکھوں کی برآمدی صنعت جمود کا شکارتھی۔
کسٹمز ونگ نے برآمدات کے فروغ اور کارخانہ داروں کو مالی مسائل سے نمٹنے میں معاونت کیلئے ایس آراو جاری کردیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق موجودہ اقدامات سے نہ صرف صنعتی اداروں کی کاروباری لاگت میں کمی آئے گی بلکہ خطے کے دیگر برآمد کنندگان کے مقابلے میں ان کی مسابقتی حیثیت مضبوط ہو گی۔