(اکمل سومرو)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یکم اکتوبر سےکھولنے کا فیصلہ کیا گیا، یوای ٹی کے تمام ہاسٹلز بھی یکم اکتوبر سےطلباء کے لئےکھول دیئےجائیں گے، دوسری جانب گورنر پنجاب نے احساس سکالرشپ پروگرام کے تحت طلباء میں چیک تقسیم کئے۔
تفصیلات کے مطابق عالمگیر وباء کورونا کی لہر میں کمی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں جامعات کو مرحلہ وار کھولنے کا سلسلہ جاری ہے،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یکم اکتوبر سےکھولنے کا فیصلہ کیا گیا،یو ای ٹی میں بی ایس سی، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی کلاسز یکم اکتوبر سے شروع ہوں گی۔
پندرہ ستمبر سےشہرکی دیگر یونیورسٹیوں نےصرف ایم فل اور پی ایچ ڈی کلاسز کا اجراء کیاجبکہ یو ای ٹی تمام طلباء کے لئے کھولی جا رہی ہے،یو ای ٹی میں نئے داخلوں کا پراسیس مکمل کر لیا گیا ہے،نئے داخل ہونے والے طلباء کی کلاسز کا بھی یکم اکتوبر سےاجراء ہوگا، یوای ٹی میں بی ایس سی انجینئرنگ سیشن 2019ء کےطلباء کے امتحانات لیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب گورنر پنجاب نےیونیورسٹی آف انجنیئرنگ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کے سکالرشپ ہولڈز طلباء سے ملاقات کی، گورنر پنجاب نے احساس سکالرشپ پروگرام کے تحت طلباء میں چیک تقسیم کئے،گورنر ہاؤس میں یو ای ٹی ٹیکسلا کے سکالر شپ ہولڈرز طلباء سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن، تعلیم کا معیار بہتر بنانا ہے۔
گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ ہمارے سٹوڈنٹس ہمارا مستقبل ہیں۔ سکالرشپ کی صورت میں طلباء کی سپورٹ کر کے حکومت مستقبل محفوظ کر رہی ہے۔قران پاک کو ترجمے کے ساتھ پڑھنے سے بہتر تربیت کا کوئی ذریعہ نہیں۔ ہمارے تعلیمی ادارے حقیقی معنوں میں طلباء کی تربیت میں کردار ادا کریں گے۔
چودھری محمد سرور کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی دوبارہ کھولنے پر سب سے ضروری چیز احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔پوری دنیا میں کورونا کی دوسری لہر پھیل رہی ہے، کورونا سے بچاو کیلئےاحتیاط نہ کی گئی تو حالات خراب ہو سکتے ہیں۔ تعلیمی اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں، میرٹ پر تعینات ہونے والے وی سی ادارے کو ذمہ داری سے آگے بڑھاتے ہیں۔