( رضوان نقوی ) غیر رجسٹرڈ کمرشل و انڈسٹریل کنکشن ہولڈر بجلی صارفین کیلئے ایف بی آر کا شکنجہ تیار، ایف بی آر اور لیسکو کے اشتراک سے ستاون ہزار سات سو غیر رجسٹرڈ صارفین کو کنکشن منقطع کرنے کے نوٹسز جاری کردیئے گئے۔
ایف بی آر اور لیسکو کے اشتراک سے غیر رجسٹرڈ کمرشل و انڈسٹریل صارفین کو کنکشن منقطع کرنے کے نوٹسز بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 57 ہزار 700 غیر رجسٹرڈ کمرشل و انڈسٹریل کنکشن ہولڈر صارفین کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ 15 ہزارغیر رجسٹرڈ کمرشل صارفین جبکہ 42 ہزار 700 انڈسٹریل کنکشن ہولڈر غیر رجسٹرڈ صارفین کو نوٹسز جاری بھجوا کر کنکشن منقطع کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے صارفین کی سہولت کے لیے لیسکو دفتر میں ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا ہے۔ تمام غیر رجسٹرڈ صارفین لیسکو آفس میں ایف بی آر کے ہیلپ ڈیسک پر معلومات لے سکتے ہیں۔ تمام غیر رجسٹرڈ صارفین کو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کیلئے 26 ستمبر تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق 26 ستمبر کے بعد غیر رجسٹرڈ صارفین کے کنکشن منقطع کر دئیے جائیں گے۔