پی ٹی آئی کا آئین میں ترمیم کیخلاف جمعتہ المبارک کو احتجاج کا اعلان

16 Oct, 2024 | 10:39 PM

سٹی 42 : پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے آئین میں ترمیم کے خلاف جمعتہ المبارک کو ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ 

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کی جانب سے آئینی ترمیم کے حکومتی منصوبے کی بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا گیا ہے، ساتھ ہی آئین میں ترمیم کے خلاف جمعتہ المبارک کو ملک گیر سطح پر شدید احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے ۔

سیاسی کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عمران خان کے بنیادی حقوق کی اور ان تک اہلِ خانہ، وکلاء اور تحریکی قائدین کی رسائی کی فوری بحالی کی جائے ۔ 

سیاسی کمیٹی کی جانب سے تمام ریجنل اور مقامی تنظیمات کو تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر نمازِ جمعہ کے بعد بھرپور مگر پرامن احتجاج کی ہدایت کی گئی ہے، ساتھ ہی آئین کی بالادستی پر یقین رکھنے والے تمام طبقات کو پرامن احتجاج میں شرکت کی اپیل بھی کی گئی ہے ۔ 

اجلاس میں پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں ترمیم کا رستہ روکنے کیلئے بھی ہر ممکن کوشش پر اتفاق کیا گیا، سیاسی کمیٹی کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں علیمہ خانم اور عظمیٰ خانم کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ، اعظم سواتی اور تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سمیت تمام گرفتار قائدین، کارکنان اور اراکینِ پارلیمان کی فوری رہائی پر بھی زور دیا گیا ۔ 

مزیدخبریں