پاک-ترکمان تعلقات مشترکہ اقدار، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں، صدر مملکت

16 Oct, 2024 | 08:49 PM

سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری کی ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین/وزیر خارجہ راشد میردوف سے ملاقات ہوئی۔ 

صدر مملکت نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعاون ، کاروباری تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک کی اسٹاک ایکسچینج کے درمیان روابط بڑھانا ہوں گے،  پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-ترکمان تعلقات مشترکہ اقدار، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں، خطے میں مشترکہ خوشحالی ،استحکام اور دونوں ممالک کی عوام کی بہتری کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ 

صدر مملکت نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں مفید ثابت ہوگا ۔

راشد میردوف نے عَشق آباد میں مخدوم گلی فراغی کے 300ویں یوم پیدائش کے موقع پر بین الاقوامی فورم میں شرکت پر صدر ِمملکت کا شکریہ ادا  کیا، کہا کہ صدر ِ پاکستان کی عَشق آباد میں بین الاقوامی فورم میں شرکت  ترکمان عوام کیلئے احترام کی عکاس ہے ۔ 

صدر مملکت نے عَشق آباد دورے کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پر ترکمانستان کی حکومت شکریہ ادا کیا۔ 

راشد میردوف نے ترکمانستان کے صدر اور ترکمان عوام کے قومی رہنما کا صدر آصف علی زرداری کیلئے خصوصی تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔ 

صدر مملکت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی حکومتوں کے سربراہان کی کونسل کے 23 ویں اجلاس میں شرکت پر راشد میردوف کا شکریہ ادا کیا۔ 

مزیدخبریں