ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں آئیں گی‘

’آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں آئیں گی‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں آئیں گی ۔ 

 وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ الحمد اللہ ! ایس سی او سربراہ کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی ہے، ایس سی او سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے، آنے والے مہمانوں نے خطے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا، مہمانوں نے ایس سی او سربراہ کانفرنس کے انتظامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ، اطلاعات سمیت تمام اداروں نے ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے اہم کردار ادا کیا، 27 سال بعد پاکستان میں ایک اہم بڑا ایونٹ منعقد ہوا ہے،  وزیراعظم کے وژن کے تحت کامیاب ایس سی او کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ 

عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ایس سی او سربراہ کانفرنس کے موقع پر اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف ممالک سے بات چیت چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکسفورڈ کے چانسلر کے انتخابات کے حوالے سے بھی اہم خبر آئی ہے، آکسفورڈ یونیورسٹی نے عمران خان کو امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا۔ مہذب معاشروں کے اندر قانون و آئین کی بالادستی ہوتی ہے، مقدمات میں ملوث افراد کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوتی۔ 

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار نے آئینی ترامیم پر دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو یاد رکھیں نشان عبرت آپ نہیں اسٹیٹ بنائے گی،  کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی، جلاؤ گھیراؤ اور لوگوں کو دھمکانے والے عناصر کے خلاف ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی ۔ دھمکیاں دینا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، انہوں نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، 9 مئی کو حملے کئے اور شہداءکی یادگاروں کو مسمار کیا، ایس سی او کانفرنس کے دوران احتجاج کی کال دی، یہ غیر سنجیدہ دھمکی ہے، ان کے اندر اتحاد و اتفاق نہیں، یہ آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، ان کے آپس کے اختلافات ہیں، اب لوگوں کو دھمکا رہے ہیں، جنہوں نے ملک کے ساتھ غدداری کی ان کی مثالیں سب کے سامنے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں انہوں نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ قوم جانتی ہے ۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، کوئی سیاسی جماعت ملک سے بڑی نہیں، امن و سکون سے معاملات آگے بڑھیں گے، معیشت ترقی کر رہی ہے، خارجہ پالیسی پر ہم آگے بڑھے ہیں۔