’طلبہ کو گمراہ کرکے پنجاب میں ایسی مہم چلانے کی کوشش کی گئی جو جھوٹ پر مبنی تھی‘

16 Oct, 2024 | 03:33 PM

ویب ڈیسک : پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ جھوٹ کی داستان گھڑ کر طلبہ کو گمراہ کرنے کی سازش کی گئی۔ 

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور کے نجی کالج میں ہونے والے واقعے کے حوالے سے پریس کانفرنس کی، انہوں نے کہا کہ جھوٹ کی داستان گھڑی گئی، من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا، مسئلے کے تمام حقائق جان کر آپ کے سامنے آئی ہوں، تمام حقائق آپ سب کے سامنے رکھوں گی۔ مریم نواز نے کہاکہ ہماری انتظامیہ اور پولیس کو ایک رپورٹ ملی کی پنجاب کے ایک نجی کالج میں ریپ کا واقعہ ہوا ہے، ایک سیکیورٹی گارڈ پر الزام لگا کہ وہ اس میں ملوث ہے جس پر انتظامیہ فوری حرکت میں آئی، اس دن سے آج تک ہم اس ریپ وکٹم کی تلاش میں ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ 10 اکتوبر کو ایک بچی کا نام لیا گیا کہ وہ ریپ کی شکار ہوئی ہے لیکن وہ بچی 2 اکتوبر سے اسپتال میں داخل ہے، وہ بچی کہیں گری اور بری طرح زخمی ہونے کے بعد آئی سی یو میں داخل ہے۔ میری اس بچی کی والدہ سے رات بات ہوئی تو شدید صدمے کی حالت میں تھیں، ان کی اپنی کوئی سرجری ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ نہیں چاہیے، میری 5 بچیاں ہیں ان کی شادیاں بھی ہوں گی لہٰذا اس سازش کے کرداروں کو بے نقاب کرنا اور کیفر کردار تک پہچانا آپ کی ذمے داری ہے، اس والدہ کی درخواست پر آپ آج میڈیا پر دیکھ رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہاکہ بچوں کی جانب سے یہ واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبر پھیلی اور اس قسم کے الزامات لگائے گئے اور ایسی کہانیاں گھڑی گئیں کہ جن کا کوئی وجود نہیں ہی نہیں تھا،طلبہ کو گمراہ کرنے کی سازش کی گئی، سازش کے پیچھےکون ہے سب جانتے ہیں ، طلبہ کو گمراہ کرکے پنجاب میں ایسی مہم چلانے کی کوشش کی گئی جو جھوٹ پر مبنی تھی، بچی کے فوت ہونے کا پراپیگنڈہ کیا گیا۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ تحریک انصاف دہشتگرد جماعت ہے ، تحریک انصاف نے اپنے منصوبے کیلئے بچوں کو استعمال کیا،بار بار کی احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی کالز کی ناکامیوں کے بعد انہوں نے ایک انتہائی گھٹیا اور خطرناک منصوبہ ایسے وقت میں بنایا جب ایس ای او ہونے جارہی ہے، غیرملکی سربراہان آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبر پھیلانے میں ملوث عناصر کےخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔

مزیدخبریں