سٹی42: راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے بانی پی ٹی آئی کی صحت خراب ہونے کی افواہ کے بعد بدھ کے روز پی ٹی آئی کی قیادت کے مطالبے پر ان کا طبی معائنہ کروایا گیا۔ اس طبی معائنہ کی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔
بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے اڈیالہ جیل میں طبی معائنے کی رپورٹ پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر خان نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
میڈیکل رپورٹ پمز اسپتال کے دو ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے تیار کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مکمل فٹ اور ایکٹیو ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر بھی نارمل ہے۔
اطلاعات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 5 روز سے بدہضمی کی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے سے ہی دوائیاں استعمال کررہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو گزشتہ کچھ ماہ سے ٹنی ٹس بیماری کی بھی شکایت تھی جس کے لیے وہ پہلے ہی ادویات لے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کانوں کی بیماری سے متعلق کوئی نئی شکایت نہیں کی، بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں اور فی الوقت انہیں کسی نئی میڈیکیشن کی ضرورت نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست پر کیا گیا۔
پی ٹی آئی نے بانی کی صحت کے متعلق افواہ کو لے کر یہ مطالبہ کیا تھا کہ ان کا طبی معائنہ بھی کروایا جائے اور قیادت کی ان سے ملاقات بھی کروائی جائے ورنہ پارٹی کے کارکن شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کریں گے۔ تھی۔
حکومت نے عمران خان کا طبی معائنہ کرانے کی شرط مان لی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی نے آج کا احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وفاقی حکومت کی ہدایت پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمس) کے سینئیر ڈاکٹروں نے بدھ کے روز اڈیالہ جیل جا کر بانی کا معائنہ کیا تھا اور بدھ کی شام ہی اس معائنہ کی رپورٹ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو پیش کر دی