سٹی42: خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے گردونواح میں زلزلے کا جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
ریکٹر سکیل پر سوات میں زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی ، زلزلے کی زیر زمین گہرائی 110 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلہ کی زمین میں گہرائی زیادہ ہونے کے سبب سطحِ زمین پر اس کا اثر کم محسوس کیا گیا اور اللہ نے بڑی تباہی سے بچا لیا۔
واضح رہے کہ زلزلوں اور زمین کے اندر ارضیاتی تبدیلیوں کے مشاہدہ کے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر نے دو ہفتے پہلے پاکستان کے وسیع علاقہ کے نیچے موجود چمن فالٹ لائن میں غیر معمولی ارتعاش کا مشاہدہ کرنے کے بعد چمن فالٹ لائن اور ملحقہ علاقوں میں شدید نوعیت کا زلزلہ آنے کی پیش گوئی کی تھی۔
اس ماہر کی پیش گوئی کے بعد پاکستان کے کسی علاقہ میں تو کوئی بڑا زلزلہ اب تک نہیں آیا تاہم افغانستان کے مغربی حصہ میں جو اسی چمن فالٹ لائن کے بالکل نزدیک ہے شدید نوعیت کے تین زلزلے آ چکے ہیں جن سے کئی ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔