ویب ڈیسک:معروف امریکی اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس نے اشتہارات کے لیے ایک سستا پیکج متعارف کروا دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کی جانب سے متعارف کروایا گیا اشتہارات کا یہ سستا ترین پیکج ابتدائی طور پر 12 ممالک میں دستیاب ہوگا۔اس پیکج کو ’بیسک ود ایڈز‘ کا نام دیا گیا ہےاور یہ پیکج سب سے پہلے آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، کوریا، اسپین، برطانیہ اور امریکا میں نومبر سے دستیاب ہو گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ پیکج خریدنے والے افراد 720 پکسل ایچ ڈی ویڈیو دیکھ سکیں گے اور اُنہیں ہر گھنٹے میں 4 سے 5 منٹ کے اشتہارات دکھائے جائیں گے۔
یہ پیکج خریدنے والے صارفین ایپ سے ویڈیوز کو ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکیں گے جبکہ اُنہیں محدود فلموں اور ٹی وی شوز تک رسائی حاصل ہو گی۔اس پیکج کی قیمت ہر ملک میں مختلف ہو گی جیسے امریکا میں 7 ڈالرز، کینیڈا میں 6 ڈالرز اور برطانیہ میں 4 یوروز ہو گی۔دیگر ممالک میں اس اپ ڈیٹ کو آنے والے مہینوں میں متعارف کروایا جائے گا۔