(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ وفاق کا پنجاب کے عوام کے بارے میں رویہ افسوسناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں گندم کے موجودہ اسٹاک اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا، یوریا، فاسفیٹ، گندم کے بیج اور درآمدی گندم پر سبسڈی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے وفاق کی طرف سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا، پنجاب نے خود ادائیگی کر کے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے کی اجازت مانگی تھی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سندھ اور دیگر صوبوں کو وفاق کی طرف سے امپورٹ کردہ گندم فراہم کی جا چکی ہے، وفاق پہلے بھی گندم امپورٹ کر چکا ہے لیکن پنجاب کو شیئر نہیں دیا جبکہ پنجاب سے اسلام آباد کو بدستور 16 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب نے آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق گندم امپورٹ کی اجازت طلب کی، وفاق کا پنجاب کے عوام کے بارے میں رویہ افسوسناک ہی نہیں قابل مذمت بھی ہے۔