ضمنی الیکشن ، پولنگ سٹیشنز کے باہر کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے

16 Oct, 2022 | 12:17 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا، قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے، مختلف شہروں میں پولنگ سٹیشنز کے باہر کارکن ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے، کہیں کہیں پولیس کیساتھ بھی جھگڑے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

 پشاورمیں میونسپل گرلز انٹرکالج کے پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کےایم پی اے اوراے این پی کےکارکنوں میں تلخ کلامی ہو گئی، پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف کے ایم پی اے آصف خان کی آمد پرعوامی نیشنل پارٹی کے کارکن مشتعل ہو گئے۔کارکنوں نے ایم پی اے کے خلاف نعرےلگائے، اس دوران ایم پی اے اور اے این پی کے کارکنوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی ،پولیس نے دونوں پارٹیوں کے سپورٹرز کو باہر نکال دیا۔

کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد پولنگ کا عمل وقتی طور پر تعطل شکار رہا تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کردی گئی۔ادھر فیصل آباد کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خواتین کے امریکن مشن پرائمری سکول پولنگ سٹیش18 اور 20 میں بد نظمی ہوئی، پی ٹی آئی کی خواتین اور پولیس کے درمیان جھگڑا ہوا اور پی ٹی آئی کی خواتین نے الزام لگایا ہے کہ پولس اہلکار ہمارے ساتھ بدتمیزی کررہے ہیں، ہمارے موبائل لے کر ہمیں ووٹ کاسٹ کرنے نہیں دیا جارہا۔

دوسری جانب ملتان میں پولنگ سٹیشن نمبر 72 میں ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے اور موبائل کے استعمال پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا، پریذائیڈنگ آفیسر نے غیر متعلقہ شخص کو پولیس کے حوالے کیا، مذکورہ شخص کو خواتین کے پولنگ سٹیشن سے گرفتار کیا گیا۔

ادھر فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ضمنی الیکشن کے دوران موبائل فون کا پولنگ بوتھ پر استعمال ہو رہا ہے، ووٹر کی جانب سے اپنے من پسند امیدوار کو ووٹ کاسٹ کرنے کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، شہری نے بیلٹ پیپر پر نشان لگا کر تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔
 

مزیدخبریں