(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے امریکی صدر جوبائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا کون ہوتا ہے ہمارے ایٹمی اثاثوں پر بات کرنے والا اور ہمیں روکنے والا، ہم نے ایٹمی قوت پاکستان کی ریاست کے دفاع کے لیے حاصل کی ہے، کسی پر جارحیت کے لیے نہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا سیاست اقتدار تک رسائی کے لیے چالاکیوں کا نام نہیں ہے،سیاست ایک مقدس فریضہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کیمپین کمیٹی میں خطاب کیا جس میں انہوں نے روس، چین کا حوالہ دیتے پاکستان کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ میراخیال ہے پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے، اس بات کا خدشہ ہےکہ اسے کوئی بھی استعمال کر سکتا ہے۔