نادرا پالیسی تبدیل، خواتین کا بڑا مسئلہ حل ہوگیا

16 Oct, 2021 | 11:27 AM

Sughra Afzal

 (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پالیسی میں بڑی تبدیلی کردی، اب شادی کے بعد خواتین اپنی مرضی سے  شناختی کارڈ پر والد کا یا خاوند کا نام لکھوا سکیں گی۔

چیئرمین نادرا طارق ملک نے دیہی خواتین کی سالانہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نادرا نے پالیسی میں تبدیلی کردی ہے اور شادی کے بعد اب عورت کی مرضی ہے شناختی کارڈ پر خاوند کا نام لکھوائے یا والد کا، خواتین کی رجسٹریشن کیلئے نادرا میں خواتین پر مبنیٰ اسپیشل ڈپارٹمنٹ بنا دیا گیا، اسپیشل ڈپارٹمنٹ خواتین کی رجسٹریشن کی پالیسی مرتب کرے گا۔

چئیرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ ہم اقلیتی برادری کی ترجیح بنیادوں پر رجسٹریشن کر رہے ہیں، پہلا شناختی کارڈ فری دیا جاتا ہے، اگر کوئی فیس وصول کرے تو نادرا میں شکایات درج کروائیں، بچوں کو بھی نادرا کے ساتھ رجسٹرڈ کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ نادرا میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، مختلف کیسز میں 262 ملازمین چارج شیٹ ہو چکے ہیں اور 107 کو نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے،  تمام خواتین کو  شناختی کارڈ بنوانا چاہیے، جیکب آباد میں5 ہزار خواتین کی رجسٹریشن پر سوشل ورکر خاتون کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

واضح رہےکہ اس سے قبل شادی کے بعد خواتین کے شناختی کارڈ پر ان  کے شوہر کا نام درج کیا جاتا تھا۔

مزیدخبریں