طلباء کے لیے بڑی خوشخبری

16 Oct, 2020 | 09:54 PM

Arslan Sheikh

 ( اکمل سومرو ) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے بورڈ کا اہم اجلاس، لاہور سمیت صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل قائم کرنے اور ایسوسی ایٹ ڈگری میں سمیسٹر سسٹم لاگو کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر فضل احمد خالد کی زیر صدارت بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر خالد آفتاب، ڈاکٹر عارف بٹ، ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ڈاکٹر نازش عطاء اللہ، ایم پی اے ساجد احمد اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن ارم بخاری نے شرکت کی۔

 پی ایچ ای سی نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے بھر کے 720 سرکاری کالجوں میں کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل قائم کیے جائیں گے، کوالٹی ایہنانسمنٹ سیل کے ذریعے سے کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری اور بی ایس آنرز کی مانیٹرنگ ہوگی۔ کالجوں کے طلباء کیلئے کیرئیر کونسلنگ اور سکالر شپ پورٹل قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ یہ پورٹل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے بنایا جائے گا۔ 

چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد نے سٹی فورٹی ٹو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری کے نصاب کی تیاری کیلئے ہر ڈسپلن کی الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دینے کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے اور ایسوسی ایٹ ڈگری کو سالانہ پروگرام سے سمیسٹر سسٹم میں تبدیل کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا گیا۔

 اجلاس میں پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے سب کیمپس کو ڈگریاں ایوارڈ کرنے کا اختیار دینے کی پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ایچ ای سی نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری یونیورسٹیوں میں گزشتہ ایک سال کے دوران بھرتی ہونے والے نئے اساتذہ کی ٹریننگ کرائی جائے گی جبکہ سرکاری یونیورسٹیوں میں تعینات ہونے والے نئے وائس چانسلرز کیلئے لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

مزیدخبریں