جنید ریاض : کورونا وائرس ،ڈینگی کے بعد لاہوریوں کے سر پر ایک اور خطر ہ منڈلانے لگا۔ حکومت پنجاب بھی جاگ گئی ،بڑی پابندی لگادی۔
لاہور شہرکےدرجہ حرارت میں کمی،موسم بدلنےلگا،موسم میں تبدیلی کیساتھ ہی سموگ پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے،شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس 188 تک پہنچ گیا،درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان،صبح کے وقت ہوا نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
سموگ کے خطرے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے اسموگ کی روک تھام کے لیے فصلوں کی باقیات جلانے اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر لانے پر پابندی لگا دی۔ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں 31 دسمبر تک سڑکوں پر لانے کی ممانعت ہو گی۔
بابر حیات تارڑ کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق صوبے بھر میں فصلوں کی باقیات بھی جلانے پر پابندی ہو گی۔حکم نامے کے مطابق دھواں چھوڑنے والی صنعتوں کے خلاف بھی کارروائی ہو گی اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات سونپ دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت پنجاب اسموگ کو آفت زدہ قرار دے چکی ہے جب کہ طبی ماہرین نے اسموگ کے دوران کورونا کے بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔