نوکری بچانے کیلئے کمپنی ملازمہ کولیگ کو 9 ماہ تک نشہ پلاتی رہی

16 Oct, 2020 | 11:42 AM

Azhar Thiraj

سٹی 42:لوگ نوکری بچانے کیلئے کیا کیا نہیں کرتے،چھوٹے ملازمین بڑوں کی چاپلوسی میں لگے رہتے ہیں،افسروں کی جائز ،ناجائز خواہشات پوری کرتے ہیں، چین میں تو حد ہوگئی  ایک خاتون خاکروب نے اپنے افسر کے حکم پر ٹوائلٹ کا پانی پی لیا۔ اٹلی کمپنی میں ملازمین کی ملازمت خطرے میں پڑی تو53 سالہ خاتون کے ذہن میں ایک خطرناک خیال آیا اور اپنی ملازمت محفوظ بنانے کے لیے اس نے ساتھی کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔

اٹلی کی کمپنی میں کام کرنے والی خاتون اپنی کولیگ کی کافی میں نو ماہ تک نشہ آور دوا ڈالتی رہی۔ کافی میں نشہ آور دوا ملانے مقصد یہ تھا کہ کارکردگی متاثر ہو اور اس کو ملازمت سے نکال دیا جائے۔شک ہونے پر متاثرہ خاتون نے کافی کا سیمپل لے کر ٹیسٹ کرایا تو حقیقت سامنے آ گئی۔ حقیقت سامنے آنے پر ملزمہ کو 4 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔دونوں خواتین ایک انشورنس کمپنی میں کام کرتی تھیں۔


متاثرہ خاتون جب دفتر سے گھر جا رہی تھی تو اس کی گاڑی درخت سے جا ٹکرائی۔حادثے کے بعد اس کو احساس ہوا کہ دفتر کی کافی میں کچھ مسئلہ تھا تاہم ابتدائی معائنے میں بھی نشہ آور دوا کے شواہد نہیں ملے تھے۔وکیل نے بتایا کہ کافی پینے کے بعد خاتون کے سر میں درد اور چکر آنا شروع ہوجاتے تھے جس کے باعث کارکردگی متاثر ہوتی تھی۔متاثرہ خاتون کو شک تھا کہ اس کی کافی میں کوئی مسئلہ ہے۔ ایک دن ملزمہ نے جب کافی پلانے پر اثرار کیا تو اس کا شک پکا ہوگیا۔ اس نے کہا کہ میں تمہیں کافی پلاتی ہوں اس سے بھلا کیا نقصان ہو سکتا ہے۔خاتون نے اپنی ساتھی کی پیشکش قبول کرلی اور پیتے وقت اس کا سیمپل بھی اپنے پاس رکھ لیا۔ کافی کے ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ اس میں نشہ آور دوا کی کافی زیادہ مقدار ملائی گئی ہے۔


پولیس کو بھی پہلے ہی خبردار کردیا گیا تھا اور اہلکاروں نے چھپ کر دیکھا کہ ملزمہ نے ساتھی خاتون کی کافی میں پاڈر نما کوئی چیز ملائی تھی۔ جرم ثابت ہونے پر نشہ آور دوا پلانے والی خاتون کو4 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

مزیدخبریں