اویس کیانی : وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے ضلع قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کے نہتے شہریوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔
وزیرِ اعظم نے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی،انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ، ساتھ ہی واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی ۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے. بلوچستان میں انتشار اور بد امنی پھیلانے والے عناصر بلوچستان کے لوگوں اور اسکی ترقی کے دشمن ہیں. ایسے مذموم ہتھکنڈے حکومت کے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے. انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے. پاکستان کے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا کر رہیں گے.
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.
واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشتگردوں کی جانب سے نہتے شہریوں پر حملہ کیا گیا، واقعے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوئے۔