آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا

16 Nov, 2024 | 11:45 AM

ویب ڈیسک:انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا۔آئی ای ایف کے اعلامیے کے مطابق پاکستان سے 12 تا 15 نومبر مشن چیف نیتھن پورٹر کی سربراہی میں مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں سے بھی بات چیت ہوئی۔

 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں نجی شعبے کے نمائندوں سے بھی تبادلۂ خیال ہوا، معاشی امور پر پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت مثبت رہی۔نیتھن پورٹر کا کہنا ہے کہ حکومت ایسے شعبے سے ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے جو ٹیکس نہیں دے رہا، سماجی تحفظ اور ترقی میں صوبوں کے کردار کو بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

 انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی اصلاحات اور توانائی کے چیلنجز پر خصوصی بات چیت کی گئی، کئی شعبوں میں نجی شعبے کا حصہ بڑھا کر حکومتِ پاکستان کا حصہ محدود کرنے کی ضرورت ہے۔آئی ایم ایف کے مشن چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو موجودہ قرض پروگرام کے اہداف پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے، موجودہ قرض پروگرام کے اہداف پر سختی سے عمل درآمد عوام کا معیار زندگی بہتر کر سکتا ہے۔

 نیتھن پورٹر نے کہا کہ مذاکرات کے لیے پاکستانی حکام کا رویہ بڑا حوصلہ افزا اور معاون تھا، پاکستان حکام سے مذاکرات پر آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کو آگاہ کیا جائے گا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا وفد آئندہ سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں پھر پاکستان آئے گا۔

مزیدخبریں