ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہمیں سانس لینا ہے! ہانیہ عامر کی مریم نواز سے مدد کی اپیل

ہمیں سانس لینا ہے! ہانیہ عامر کی مریم نواز سے مدد کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  اداکارہ   ہانیہ عامر نے پاکستان کے صوبے پنجاب بالخصوص صوبائی دارالحکومت لاہور میں چھائی فضائی آلودگی پر  مایوسی کا اظہارکرتےہوئے مدد کی اپیل کردی۔

 پنجاب کی فضاؤں میں گزشتہ کئی دنوں سے اسموگ کی صورتحال برقرار ہے اور اس دوران کئی بار لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1000 پوائنٹس تک جا پہنچا تھا جو انتہائی مضر صحت ہے۔لاہور کے ساتھ ساتھ اسموگ کی صورتحال پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی دیکھی جارہی ہے۔

اس حوالے سے اداکاروں کی جانب سے  بھی  مسلسل اسموگ سے نمٹنے کے لیے ایک مستقل پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔اداکارہ ہانیہ عامر نےبھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وزیراعلیٰ مریم نواز سے مدد کی اپیل کی ہے۔

  مریم نواز کو ٹیگ کرتے ہوئےن اُن کا کہنا تھا  کہ ہمیں سانس لینے کی ضرورت ہے۔

ہانیہ عامر نے مذکورہ  اسٹوری ذوالفقار علی بھٹو جونئیر جو کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ہیں ان کی ایک پوسٹ کے پس منظر میں شیئر کی۔جس میں ذوالفقار علی بھٹو جونئیر کا کہنا تھا کہ ہم بطور قوم اسموگ کا ملبہ عالمی آلودگی پر نہیں ڈال سکتے، ماحولیاتی کرائسس بین الاقوامی مسئلہ بھی ہے لیکن یہ مقامی مسئلہ زیادہ ہے، پاکستان مسلسل قدرتی قوانین کی خلاف ورزی کررہا ہے، حکومت کی پالیسیاں ماحول مخالف ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے دریا سوکھ رہے ہیں، درختوں کو کاٹا جارہا ہے، رئیل اسٹیٹ کے بزنس کے لیئے ماحول کو تباہ کیا جارہا ہے۔ ہانیہ عامر نے ذوالفقار علی بھٹو جونئیر کی اس ٹویٹ کی تائید کرتے ہوئے مریم نواز سے توجہ دلاؤ نوٹس کا مطالبہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ  مریم نواز اس وقت اپنے علاج کے سلسلے میں ملک سے باہر ہیں اور نواز شریف بھی لندن میں ہیں۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہر اس وقت بدترین اسموگ کی لپیٹ میں ہونے کے بائث  پنجاب کی جانب سے سکولز کو بند کردیا گیا ہےاور  شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ   پنجاب کے مختلف شہروں کو زہریلی دھند (اسموگ) نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے نہ صرف بہت سے بیماریاں پھیل رہی ہیں بلکہ یہ صورتحال سانس کے مسائل کا شکار افراد کے لیے بھی انتہائی تکلیف دہ ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ ایک قدرتی آفت نہیں بلکہ انسانوں کے اپنے ہی کارناموں کا نتیجہ ہے، فصلوں کی باقیات کو جلانا، بڑی مقدار میں کاربن کا اخراج اسموگ کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہیں۔