عرفان ملک: لاہور پولیس نے اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت شہر بھر میں کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ، خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 1 کروڑ 84 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد ، 212 مقدمات درج جبکہ 228 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق، رواں سال کے دوران 50 ہزار سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا گیا، جن میں سے 4 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور 4 ہزار گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر لیے گئے۔ فٹنس سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی بنا پر 1900 سے زائد گاڑیوں کو غیر معیاری قرار دیا گیا۔
اس کے علاوہ، 8 ملزمان کو فیول، تار کول اور کاربن بورڈ جلانے پر گرفتار کیا گیا جبکہ 89 افراد کو تعمیراتی مٹیریل کے جلانے اور 18 افراد کو فصلوں کی باقیات جلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ 29 افراد کو ٹائرز، پلاسٹک اور شاپنگ بیگز جلانے پر گرفتار کیا گیا، جبکہ 51 کارخانے مالکان اور 33 افراد کو کوڑے کو آگ لگانے پر گرفتار کیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔