ویب ڈیسک: ہار کا غم۔۔۔۔دبئی سے واپسی پر بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا کی پانچ کروڑ بھارتی روپے مالیت کی دو گھڑیاں ضبط کر لی گئیں۔
ممبئی کسٹمز ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی کرکٹر کے پاس گھڑیوں کی رسید نہ ہونے پر گھڑیاں ضبط کی ہیں جبکہ پانڈیا کا کہنا صرف ایک گھڑی صحیح قیمت کے تعین کے لیے ضبط کی گئی ہے اور اس کی قیمت بھی ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔
پانڈیا متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بھارت کے آؤٹ ہو جانے کے بعد دبئی سے واپس وطن پہنچے تھے۔ بھارتی زرائع ابلاغ کے مطابق ہاردیک دنیا کی قیمتی ترین گھڑیوں کے مالک ہیں اور ان کی گھڑیوں کے کلیکشن میں سوئٹزر لینڈ کی لگژری گھڑیاں بنانے والی کمپنی پاٹک فلیپ کی بنائی ہوئی نوٹیلس پلاٹینم۔ 5711 گھڑی بھی شامل ہے، جس کی مالیت پانچ کروڑ بھارتی روپے ہے۔ اس گھڑی میں چوکور کاٹ والے 32 زمرد لگے ہوتے ہیں جو گھنٹے کے نشانات کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ گھڑی آٹومیٹک ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال ہاردیک کے بھائی کرکٹر کرونل پانڈیا کو ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر روکا گیا تھا۔ ان کے پاس ظاہر نہ کیا جانے والا سونا اور دوسرا قیمتی سامان ہونے کا شبہ تھا۔