ویب ڈیسک : اسلام آباد ہائیکورٹ نے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے بیان حلفی سے متعلق کیس میں رانا شمیم سمیت دیگر فریقین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا محمد شمیم کے بیان حلفی پر خبر شائع کرنے کے معاملے کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف، دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غوری، دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی اور اٹارنی جنرل پاکستان سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق جج گلگت بلتستان رانا شمیم عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔ رانا شمیم کے بیٹے کا کہنا ہے کہ والد رات اسلام آباد پہنچے، ان کی طبعیت ٹھیک نہیں۔
رانا شمیم کے بیٹے نے عدالتی عملے سے کمرہ عدالت میں ویڈیو چلانے کی اجازت مانگی ۔ بعد ازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت کا آغاز کرتے ہوئے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمان کو روسٹرم پر بلایا، اس موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے ایڈیٹر انچیف سے مکالمہ کیا کہ بہت بھاری دل کے ساتھ آپ کو سمن کیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ سوشل میڈیا اور نیوز پیپرز میں فرق ہوتا ہے، اخبارکی ایڈیٹوریل پالیسی اور ایڈیٹوریل کنٹرول ہوتا ہے، اس ہائیکورٹ کے جج سے متعلق بات کی گئی جو بلاخوف وخطر کام کرتی ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر میں اپنے ججزکے بارے میں پراعتماد نا ہوتا تو یہ پروسیڈنگ شروع نا کرتا، اس عدالت کے ججز جوابدہ ہیں اور انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اگرعوام کا عدلیہ پر اعتماد نا ہوتو پھرمعاشرے میں انتشار ہوگا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر ایک سابق چیف جج نے کوئی بیان حلفی دیا تو آپ وہ فرنٹ پیج پرچھاپیں گے؟
جسٹس اطہر من اللہ نےکہا کہ ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا جیسا آپ سوچ رہے ہیں، مسلسل یہ بات کی جارہی ہے کہ کہا گیا الیکشن سے پہلے نواز شریف اور مریم کو نہ چھوڑا جائے، کم از کم آپ ہمارے رجسٹرار سے پوچھ لیتے۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ تاثر ہے کہ رانا شمیم سے منسوب بیان حلفی جھوٹ پر مبنی ہے یا جعلی ہے لیکن یہ سارا معاملہ میری عدالت سے متعلق ہے، اپنی عدالت کے بارے میں جواب دہ ہوں، اس لیے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کررہے ہیں۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا اگر مجھے اپنے ججز پر اعتماد نہ ہوتا تو یہ توہین عدالت کی کارروائی نہ کرتا، اس عدالت نے کہا کہ ججز کا احتساب ہونا چاہیے اور ان پر تنقید بھی کی جا سکتی ہے۔ اگر لوگوں کا اعتماد عدالت پر ختم ہو جائے تو افراتفری پھیلتی ہے، آپ نے یہ کیا کیاہے؟
چیف جسٹس اطہر من اللہ کامیرشکیل سے مکالمے میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ ایک لیڈنگ میڈیا آرگنائزیشن کے مالک ہیں۔ اگر کوئی اپنا بیان حلفی نوٹرائز کراتا ہے تو آپ اسکو اخبار کی لیڈ بنا دیں گے؟
کیا عدالت میں کوئی شخص میرے ججز پر الزام عائد کر سکتا ہے کہ وہ کسی سے ہدایات لیتے ہیں۔ کیا آپ نے پوچھا کہ یہ بیان حلفی برطانیہ میں نوٹرائز ہوا؟
انصار عباسی سے مکالمے میں چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آپ انویسٹی گیٹو صحافی ہیں اور میں آپکا احترام کرتا ہوں۔ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنائی تھی۔ 16جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی۔
چیف جسٹس نے کہا میں اور جسٹس عامر فاروق اس وقت چھٹیوں پر ملک سے باہر تھے۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپیلوں پر سماعت کی تھی۔
دونوں ججز ملک بھر کے قابل احترام ججز ہیں۔ آپ ہائیکورٹ سے پوچھ لیتے کہ کونسا بینچ اس وقت کیس کی سماعت کر رہا تھا۔
آپ نے خواجہ حارث سے پوچھا کہ کیا کیس الیکشن سے پہلے سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست کی تھی، خواجہ حارث پیشہ ور وکیل ہیں انہیں معلوم تھا کہ یہ طریقہ کار نہیں ہوتا۔
کسی وکیل سے پوچھ لیں، ایک دن اپیل دائر ہو اور سزا معطل ہو جائے یہ نہیں ہوتا۔ ایک سال کیلئے ڈویژن بینچ تھے جنہوں نے اس ہائیکورٹ کو چلایا۔
چیف جسٹس نے کہا جج کے نام کی جگہ خالی چھوڑ کر آپ نے ساری ہائیکورٹ پر الزام عائد کر دیا۔ اس ہائیکورٹ سے لوگوں کا اعتماد اٹھانے کیلئے سازشیں شروع ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ایک چیف جسٹس کے سامنے ایسی بات کرے اور وہ 3سال خاموش رہے۔ اچانک سے ایک پراسرار حلف نامہ آ جائے اور ایک بڑے اخبار میں شائع ہو جائے۔
انصار عباسی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ کیا میں کچھ کہہ سکتا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا آپ اب کیا کہیں گے، جو نقصان کرنا تھا وہ آپ کر چکے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ رانا شمیم عدالت میں پیش ہوئے ہیں؟ وکیل نے بتایا کہ رانا شمیم کے بھائی کا انتقال ہوا ہے، انہیں پیش ہونے کیلئے وقت دیا جائے۔
وکیل رانا شمیم نے بتایا کہ ان کے موکل امریکہ میں ایک کانفرنس میں شریک ہونے کیلئے گئے تھے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اہم ترین عہدہ رکھنے والا شخص 3 سال بعد ایسا بیان حلفی کیسے دے سکتا ہے؟ افواہیں ہیں کہ وہ بیان حلفی جعلی ہے۔ اگر وہ جعلی ہوتا ہے تو پھر شائع کرنے والے کے خلاف کیا کارروائی ہو گی؟
اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رانا شمیم کے بھائی کا 6 نومبر کو انتقال ہوا۔ یہ پورے جوڈیشل سسٹم اور بالخصوص ہائیکورٹ پر الزام عائد کیا گیا۔ یہ کوئی عام معاملہ نہیں اسکے بہت سنجیدہ نتائج ہوں گے۔ چیف جسٹس نے انصار عباسی سے سوال کیا کہ جس بینچ نے سماعت کی وہ کس نے بنوایا تھا؟ میں آپکو لکھواتا ہوں کہ اس کیس کی سماعتیں کتنی ہوئیں۔
عدالت نے ان اپیلوں پر روزانہ کی بنیاد پر بھی سماعت کی، اسکی بھی کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہائیکورٹ کا کوئی جج کسی کو اپنے گھر یا چیمبر میں آنے کی اجازت دے تو میں ذمہ دار ہوں گا۔
نقصان تو ہوچکا ہے۔ جس بیان حلفی پر ابہام ہے جو کہیں کسی جوڈیشل فارم پر پیش ہوا تحقیقات کیے بنا اسٹوری کردی۔
انصار عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے کسی جج کا نام نہیں لیا۔ میرے خلاف آپ کارروائی عمل میں لائیں مگر الزمات کی انکوائری کروائیں۔
عدالت نے میر شکیل اور عامرغوری سے سوال کیا کہ آپ کی بھی ذ مہ داری تھی ایسی اسٹوری کیسے چھپی؟مجھے بتائیں کہ آپ کی کوئی ایڈیٹوریل پالیسی نہیں ہے؟
Mir Shakeel Ur Rehman, Ansar Abbasi and Aamir Ghauri reached IHC to appear before the Bench hearing contempt of court case on Frivolous allegations hurled by Rana Shamim. pic.twitter.com/5sGK9Q3Muf
— MNA (@Engr_Naveed111) November 16, 2021
واضح رہے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا ایم شمیم نے دعویٰ کیا ہے کہ’وہ اس واقعہ کے گواہ ہیں جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریٹائرڈ جسٹس رانا شمیم کے بیان کو بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے جنگ اخبار کی خبر کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا۔
نواز شریف اور مریم نواز کے متعلق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کے انکشافات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس لیا ہے۔
عدالتی حکمنامے کے مطابق خبرزیر التوا کیس سے متعلق ہے، عدالت سے باہر کسی قسم کا ٹرائل عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کے مترادف ہے، فریقین بتائیں کہ کیوں نہ ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔