(سٹی 42) سائنس نے اس قدر ترقی کر لی ہے کہ امریکہ میں51سالہ خاتون نے اپنی ہی نواسی کو جنم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شکاگو کی رہائشی جولی کی 29سالہ بیٹی بریانا لاک ووڈ 28 سالہ ایرون کے ساتھ ازدواجی بندھن میں بندی تھیں مگر کئی سال گزرنے کے باوجود ان کے ہاں اولاد نہ ہو سکی جس پر انہوں نے آئی وی ایف کے ذریعے بچہ حاصل کرنے کی کوشش کی مگر اس میں بھی ناکام رہے ۔
اولاد نہ ہونے کی وجہ سے اپنی بیٹی کی اس تکلیف کو دیکھتے ہوئے جولی نے خود سروگیٹ بننے اور اپنی بیٹی کے بچے کو پیدا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹروں نے بریانا کے بیضوں اور ایرون کے سپرمز کے ذریعے لیبارٹری میں ایمبریو تیار کیا اور اسے جولی کے پیٹ میں رکھ دیا۔ اس بچی نے اپنی نانی کے پیٹ میں وجود کی پرورش پائی اور حال ہی میں بچی کا جنم ہو گیا۔ نانی کی نواسی کا نام بریار جولیٹ لاک ووڈ رکھا گیا ہے۔ والدہ بریانا نے سوشل میڈیا پر اپنی بیٹی کی خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئےلکھا ہے کہ ”میری ماں نے میرے لیے بہت بڑی قربانی دی ہے، ان کی عمر اتنی زیادہ تھی مگر پھر بھی انھوں نے میری خوشی کے لیے میرے بچے کو اپنے پیٹ میں پرورش دینے کا فیصلہ کیا۔ آج اپنی بیٹی کو اپنی بانہوں میں تھامنے کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ میری ماں نے میرے لیے یہ قربانی کیسے دے دی۔“