(علی اکبر)مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کوطبیعت بہتر ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیاگیا،ہسپتال سے فراغت کے بعد چودھری شجاعت حسین گھر پہنچ گئے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت کو نمونیہ کے باعث سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا،جہاں وہ گیارہ روز تک زیر علاج رہے، چودھری شجاعت کومکمل صحتیابی کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سروسز ہسپتال میں چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری سالک حسین اور چودھری شافع حسین بھی موجود تھے، ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین ملنسار شخصیت ہیں۔
گیارہ روز تک سروسز ہسپتال میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی،مونس الٰہی، سالک حسین ، شافع حسین، حسین الٰہی، وجاہت حسین اور شفاعت حسین سے مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی کے وفود نے چودھری شجاعت حسین کی عیادت کی،بیوروکریٹس اور اہم سیاسی شخصیات کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہا۔