کیا کرونا سے صحتیاب مریض محفوظ ہیں؟؟؟پاکستان کی پہلی ریسرچ رپورٹ آگئی

16 Nov, 2020 | 02:11 PM

Muhammad Zeeshan

سٹی42:ملک میں کرونا سے صحت یاب مریضوں کے لیے بری خبر۔ مہلک وائرس سے صحت یاب مریض پھر سے مہلک وائرس کا شکار ہونے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شعبہ صحت کے ماہرین نے کیس اسٹڈی کی بنیاد پر پہلی ریسرچ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرونا سے صحت یاب ہونے والے مریض دوبارہ وبائی مرض کا شکار ہورہے ہیں۔ پاکستان کی پہلی ریسرچ رپورٹ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین نے پیش کی۔

 
خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین نے اپنی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا کہ 6جون کو محکمہ صحت کے ملازم میں علامات ظاہر ہونے پر کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔4 ماہ اور 13 دن بعد دوبارہ اسی ہیلتھ ملازم میں علامات ظاہر ہوئیں۔ ریسرچ رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ کرانے پر دوبارہ کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کرونا وائرس صحت یاب افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اپنے تازہ اعدادوشمار میں بتایا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 128 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہو گئی ہے۔

ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید انیس افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 160 ہو گئی ہے، جب کہ 1 ہزار 379 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

مزیدخبریں