(قذافی بٹ)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان گلگت بلتستان میں تبدیلی آگئی ہےعوام نے الیکشن میں وزیراعظم عمران خان اورتحریک انصاف پراپنے مکمل اعتماد کااظہارکیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کیلبری کوئین اور فرزند زرداری کو اچھے بچوں کی طرح گلگت بلتستان کے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لیں۔شدیدموسم کے باوجود بڑی تعدادمیں عوام نے پولنگ سٹیشنز پہنچ کر جاتی عمرہ کے ملک دشمن بیانیے کومستردکردیا،نئے گلگت بلتستان میں احساس محرومی کا خاتمہ،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور حقدار تک اس کا حق پہنچانااولین ترجیح ہوگی،شفاف انتخابات نے گلگت بلتستان کی ترقی وخوشحالی پر مہرثبت کی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ تمام آزاد سرویز میں وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں اضافہ واضح تھا،اپوزیشن کے پاس انتخابات میں کھڑے کرنے کے لئے امیدوار تک نہیں تھے پر الیکشن جیتنے کے مضحکہ خیز دعوے کرتے رہے، کیلبری کوئین اور فرزند زرداری گلگت میں فوٹو شوٹ کے لئے آئے تھے وہ مقصد پورا ہوگیا۔
معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا مزید کہناتھا کہ اپوزیشن کی شکست نوشتہ دیوار تھی لیکن خجالت سے پچنے کیلئے دھاندلی کا راگ الاپتے رہے،اپوزیشن کا عجیب وطیرہ ہے کہ جس الیکشن میں کامیابی ملے وہ درست ورنہ دھاندلی کا واویلا،پاکستان کے عوام ماضی کے لٹیروں کو پہچان چکے ہیں اور امید کی واحد کرن وزیراعظم عمران خان کو سمجھتے ہیں، کیلبری کوئین اورفرزند زرداری اچھے بچوں کی طرح شکست تسلیم کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کی 24 میں سے 23 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے,غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق گلگت بلتستان الیکشن میں تحریک انصاف سب سے آگئے ہے،پی ٹی آئی 10نشستیں جیت گئی،سات حلقوں میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے،پیپلزپارٹی نے تین نشستیں جیت لیں، پی ٹی آئی کی اتحادی ایم ڈبلیو ایم ایک نشست پرکامیاب ہوئی،ن لیگ صرف 2سیٹیں جیت سکی.