(سٹی42)پاکستان سپرلیگ کے میچز اختتامی مراحل میں داخل ہوچکےہیں، کراچی کی ٹیم فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ لاہور قلندرز بھی گزشتہ میچ کے بعد اس ایونٹ میں شامل ہوچکی ہے، ملتان سلطان کے مالک نے قلندرز کی جیت کوسراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے لاہور قلندرز ٹرافی جیتے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچز کا آخری کانٹے دار مقابلہ 17 نومبر کو کھیلا جائے گا، کورونا کی وجہ سے کواٹر فائنل کے میچز کو ملتوی کردیا گیا تھا، دوبارہ شروع ہونے والے میچوں میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے،لاہورقلندرز نےملتان سلطانزکو شکست دے کرپہلی مرتبہ پی ایس ایل کےفائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
لاہور قنلندرز کی اس جیت پر ملتان سلطان کے مالک علی جہانگیر ترین نے ٹیم سمیت پورے سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا، ٹویٹر پیغام میں لاہور قلندرز کے مالک رانا فواد کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا کہ رانا صاحب، آپ سے زیادہ فائنل کھیلنےکا مستحق کوئی نہیں تھا، آپ ہر فین کی پسندیدہ شخصیت ہیں۔
اپنے پیغام میں مزید کہا کہ لاہور کا کھلاڑیوں کی ترقی کے لئے قدم قابل تحسین ہے، حارث رؤف کو تلاش کرنےاور تیار کرنے پر پوری قوم آپ کی مقروض ہے۔پیغام کے آخر میں نیک دعائیں کرتے امید ظاہر کی کہ لاہور قلندرز ٹرافی جیتے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دیا تھا ،جواب میں ملتان سلطان کی ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی، سلطانز کو 25 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 157 رنز بنا سکی۔ فائنل میچ 17 نومبر کو کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔