سٹی42:ملک بھر میں 92 فیصد پاکستانی کورونا وائرس سے واقف ہیں، لیکن اس کے باوجود اسے خود کے اور فیملی کے لیے خطرہ سمجھنے والوں کی شرح 35 فیصد ہے۔
ملک میں بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے وار تیزی سے جاری ہیں۔ ایسے میں ریسرچ کمپنی آئی پی ایس او ایس نے پالیسی ساز اداروں کو خبردار کرتے ہوئے نیا تازہ ترین سروے جاری کردیا ہے۔کمپنی کے سروے کے مطابق اپریل 2020 میں کورونا کو اپنے لیے خطرہ سمجھنے والوں کی شرح 50 فیصد تھی۔ سروے میں بچوں کو اسکول بھیجنے پر اطمینان کا اظہار کرنے والے والدین کی شرح میں کمی کا رجحان بھی دیکھا گیا۔آئی پی ایس او ایس نے یہ سروے ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد افراد سے کیا۔
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس نے ایک بار پھر سراٹھا لیا ہے۔روز بروز مہلک وائرس درجنوں جانیں نگل رہا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن نے گزشتہ اجلاس میں کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن بھی نافذ کردیا گیا ہے۔مثبت کیسز آنے کی شرح میں بلوچستان نے تمام صوبوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے عوام کو ماسک کا استعمال لازمی کرنےکی تلقین کی جارہی ہے۔
دوسری جانب دنیا میں کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے تیزی سے پیشرفت بھی جاری ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رواں سال کے آخر میں کورونا ویکسین مارکیٹ میں آجائے گی جس کے بعد مہلک وبا کا زور ٹوٹنے کی امید کی جاسکتی ہے۔