سٹی42:پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حارث رؤف نے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی سے معافی مانگنے کی وجہ بتا دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے میچ میں ملتان سلطانز کے بیٹسمین شاہد آفریدی کو پہلی گیند پر بولڈ کر کے فوراً ہی حارث رؤف نے سینئر کھلاڑی کو عزت دے کر ان سے معافی مانگی تھی۔
میچ کے دوران جب شاہد آفریدی بیٹنگ کرنے آئے تو حارث رؤف نے انہیں بالکل ہی سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور پہلی ہی گیند یارکر کرائی جس پر بوم بوم آفریدی بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد فوراً ہی حارث رؤف نے خوشی منانے سے پہلے شاہد آفریدی سے معافی مانگی۔وکٹ لینے کے بعد گراؤنڈ میں گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ شاہد آفریدی سینئر کھلاڑی ہیں، سوچ کے آیا تھا کہ اگر آج شاہد آفریدی کی وکٹ لیتا ہوں تو یہ اسٹائل کروں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 25 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ حارث رؤف کی جانب سے سینئر کھلاڑی شاہد آفریدی کو عزت دینے پر اسے سوشل میڈیا پر سراہا جا رہا ہے۔