تیسری نیزا آل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ کا آغاز

16 Nov, 2018 | 12:06 AM

Arslan Sheikh

شہبازعلی: تیسری نیزا آل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ شروع، ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے ٹاپ ٹینس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے ملک میں ٹینس کی ترقی کے لئے حکومتی توجہ کا مطالبہ کردیا۔

تفسیلات کے مطابق پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام باغ جناح ٹینس کورٹس پر شروع ہونے والی چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 200 سے زائد ٹینس کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ٹورنامنٹ میں سینئر، جونیئر اور خواتین کے ساتھ ساتھ ویٹرن ٹینس کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔  

ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر سٹار کھلاڑیوں عقیل خان اور عشنا سہیل نے کہا کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں کے لئے بھر پور تیاری کررہے ہیں، حکومت کو بھی اس کھیل کی جانب توجہ دینی چاہئیے۔  

سابق قومی چیمپئن زلیخہ نثار کا کہنا تھا کہ حیران کن طور پر ماضی کے مقابلے میں اب ٹینس میں سہولیات کم ہیں، حکومت کو اس کھیل پر بھی فوکس کرنا چاہیئے۔

پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک کا کہنا تھا کہ اس ٹورنامنٹ میں تمام ٹاپ کھلاڑیوں کا حصہ لینا خوش آئند ہے۔

ٹورنامنٹ کے فائنل مقابلے 20 نومبرکو کھیلے جائیں گے، مختلف کیٹیگریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں 6 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی تقسیم کی جائے گی۔

مزیدخبریں