سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی؛ پیکا ترمیمی بل پارلیمنٹ میں لانے کی تیاری

16 May, 2024 | 11:07 PM

اویس کیانی:  وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لئے مشاورت کا آغاز کر دیا۔

 ذرائع کے مطابق  سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے حوالے سے تجویز شدہ پیکا ترمیمی بل 2024ءپارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

کابینہ کی قانونی اصلاحات کمیٹی نے مجوزہ ترمیمی بل اور ڈیجٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے قیام کے لئے میڈیا ہاﺅسز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کی دعوت دی ہے۔ 

 وزیراعظم کابینہ کے اجلاس میں اس معاملے پر کابینہ کی ایک کمیٹی تشکیل دے چکے ہیں جس کا کام مشاورت کرنا ہو گا۔ سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل حقوق سے متعلق معاملات پر حکومت کو مشاورت دینا، انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال اور ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنانا ہے۔

میڈیا ہاﺅسز اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مجوزہ اتھارٹی کے تحت ایک مثبت ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو فروغ دینے کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ تعاون میں سہولت کی فراہمی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

مشاورت میں مجوزہ ڈیجیٹل رائٹس اتھارٹی کی جانب سے آن لائن مواد کو ریگولیٹ کرنے سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے، ذرائع

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر قانون کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے حوالے سے طریقہ کار پر بھی بات ہوگی۔

مشاورت میں سوشل میڈیا قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور گواہوں کو طلب کرنے سے متعلق معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔

حکومت یہ بل شہریوں کی نجی زندگی کی پرائیویسی کو سوشل میڈیا سے لاحق خطرات سے تحفظ دینے کیلئے تیار کر رہی ہے۔

مزیدخبریں