ہتک عزت اور پیکا ترمیمی بل نامنظور، سٹیک ہولڈرز کےبغیر منظور کیا قانون آزادی کا گلا گھونٹے گا، ایمنڈ

16 May, 2024 | 09:19 PM

سٹی42: ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے حکومت پنجاب کے ہتک عزت کے مجوزہ بل اور وفاقی حکومت کے پیکا ترمیمی بل کو مسترد کردیا ہے۔

ایمنڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر عجلت میں منظور کیا گیا کوئی بھی قانون آزادی اظہار رائے کا گلہ گھونٹنے کے مترادف ہوگا۔

جمعرات کو ایمنڈ کی جنرل باڈی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس میں ملک میں آزادی صحافت کی موجودہ صورتحال اور الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ایمنڈ  ہتک عزت اور فیک نیوز کے تدارک کے لئے قانون سازی کی مخالف نہیں، تاہم کوئی بھی قانون بنانے سے پہلے نہ صرف اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے بلکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا کوئی قانون آزادی اظہار رائے کو متاثر نہ کرے۔

 ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز  کے نئے عہدیداروں کا انتخاب

 ایسوسی ایشن آف الیکڑانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز  (ایمنڈ) کے جنرل باڈی اجلاس میں سال 2024 سے 2026 کے لئے عہدیداران کا انتخاب بھی کیا گیا۔ نومنتخب عہدیداروں میں  جیو نیوز کے اظہر عباس صدر، سماء نیوز کے طارق محمود سیکرٹری جنرل، ایکسپریس نیوز کے ایاز خان سینئر نائب صدر، نيو نیوز کے محمد عثمان نائب صدر، ہم نیوز کے ریحان احمد اور 24 نیوز کے میاں طاہر جوائنٹ سیکرٹریز ہوں گے جبکہ شہاب محمود فنانس سیکرٹری کی ذمہ داری ادا کریں گے۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر اراکین میں مبارک علی، اویس اقبال، محمد نوشاد على، كامران لاشاری، محسن رضا، معصوم رضوی، عماد یوسف اور زاہد مظہر شامل ہیں۔

اجلاس کے موقع پر مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

مزیدخبریں