پاکستان سے  رشتہ ایک بڑے بھائی جیسا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا،وزیراعظم آزادکشمیر 

16 May, 2024 | 06:15 PM

ویب ڈیسک : وزیراعظم آزادکشمیر  چودھری انوارالحق کا کہنا ہے کہ پاکستان سے  رشتہ ایک بڑے بھائی جیسا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا ۔ 

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں ہوا ۔ 

  وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق نے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کابینہ اور عوام کی جانب سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور کابینہ  کا  23 ارب روپے کے تاریخی پیکیج دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔  روشن اور خوشحال پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔ کشمیریوں کا پاکستان سے ایک مضبوط اور لازوال رشتہ ہے ۔  وزیراعظم پاکستان نے دو دن پہلے میٹنگ میں پیکیج دیا اور آج اس پر عملدرآمد ہو گیا۔ منگلا ڈیم کے متاثرین کا مسائل اور رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر التواء میں ہیں۔  نیلم جہلم منصوبے کا معاہدہ اور واٹر یوز چارجز کے معاملات بھی التواء میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ایک سال میں ایک گاڑی بھی نہیں خرید کی گئی. 10 ارب سے سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا، اس سے  بیوہ, یتیموں, بے سہارا, طلاق یافتہ اور معذور افراد کو ان کی دہلیز پر مالی امداد فراہم کی جائے گی، بیروزگاری کے خاتمے کیلیے  3 ارب روپے کی لاگت سے فنڈ قائم کر رہے ہیں۔ انڈوومنٹ فنڈ  کے تحت ان کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ 

 اجلاس میں وفاقی وزراء امیر مقام, رانا تنویر حسین،محسن نقوی، محمد عطاء اللہ تارڑ, موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید،احمد رضا قادری، عبدالماجد خان،راجہ محمد صدیق، چوہدری محمد اسماعیل، ظفراقبال ملک، دیوان علی خان چغتائی ،محمداکمل سرگالہ،جاوید بٹ، چوہدر ی اظہر صادق،سردار میر اکبر، نثار انصر ابدالی، چوہدری قاسم مجید،عاصم شریف،سردار جاوید ایوب، چوہدری اخلاق،اکبر ابراہیم، محترمہ امتیاز نسیم، پروفیسر تقدیس گیلانی، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ وعلمدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید شاہ،مشیرحکومت نثارہ عباسی نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اس کے علاوہ معاونین خصوصی صبیحہ خانم، نبیلہ ایوب, چیف سیکرٹری داؤد محمد بڑیچ اور انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک بھی موجود تھے ۔ 

مزیدخبریں