ویب ڈیسک : ٹریفک سگنل توڑنے والے اب زیادہ دور نہیں بھاگ سکیں گے، ایک سگنل پر خلاف ورزی کرنے والا اگلے سگنل پر پکڑا جائے گا، ڈی آئی جی ٹریفک نے ہدایات جاری کردیں۔
پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کو پکڑنے کا طریقہ نکال لیا ۔ ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے قوانین پر عملدرآمد سے متعلق سخت ہدایات کردیں ۔ ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے ٹریفک پولیس کو احکامات جاری کردیے گئے ۔
سگنل توڑنے والوں کیخلاف کارروائی
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے ٹریفک سگنلز اور ڈبل پارکنگ پر واضح ہدایات جاری کردیں، کہنا ہے کہ ٹریفک سگنل توڑنے والا اگلے سگنل پر پکڑا جائے گا۔ ٹریفک پولیس سگنل توڑنے والے کی اطلاع اگلے سگنل پر دے گی۔
ٹریفک پولیس کو ایک سگنل سے دوسرے سگنل پر موثر رابطے کا حکم بھی دے دیا گیا ۔
ڈبل پارکنگ پر ایکشن
ڈی آئی جی ٹریفک نے مصروف کاروباری علاقوں میں ڈبل پارکنگ پر بھی ایکشن کی ہدایت کردی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا صدر اور طارق روڈ پر ڈبل پارکنگ ہرگز نہ ہونے دیں، ایم اے جناح روڈ پر بھی ڈبل پارکنگ نہیں ہونی چاہیے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے غیر قانونی پارکنگ کرانے والوں کیخلاف ٹریفک پولیس کو بھرپور کاروائی کا حکم دے دیا ۔
فینسی نمبر پلیٹ بنانے والوں کیخلاف کارروائی
فینسی نمبر پلیٹ بنانے والے دکانداروں کی بھی خیر نہیں، فینسی نمبر پلیٹ بنانے والے دکانداروں کیخلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے ایسے دکانداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ محکمہ ایکسائز سے مل کر فینسی نمبر پلیٹ پر ایکشن لیا جائے ۔ جعلی سرکاری نمبر پلیٹ پر بھی بھرپور کارروائی کریں ۔
پولیس کو حادثات کی وجہ معلوم کرنے کا حکم
ڈی آئی جی ٹریفک نے پولیس کو اپنے علاقوں میں حادثات کی وجہ معلوم کرنے کا بھی حکم دے دیا، کہنا ہے کہ جہاں سڑک خراب ہو وہاں بیریئر گیٹ لگا کر نشاندہی کریں۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے حادثات سے بچنے کیلئے ٹریفک پولیس کو استرکاری کرانے کی بھی ہدایت کردی۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ حادثات کا سبب بننے والی اوور لوڈنگ گاڑیوں کیخلاف کارروائی کریں۔ منی بسیں اور ٹرک جرم کے مرتکب ہوں تو زیادہ سے زیادہ کارروائی کریں۔ ٹریفک پولیس اخلاق و کردار بھی عوام کے ساتھ بہتر کرے ۔