ویب ڈیسک: مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے تحریک انصاف کے سیئیر لیڈر فواد حسین کے گرفتاری کے خوف سے گاڑی سے اتر کر بھاگ جانے کے واقعہ پر طنزیہ بیان داغ دیا۔ اپنے ایک ٹویٹ بیان میں مری نواز نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انقلابی جماعت ڈر کے مارے جوتیاں چھوڑ کر دوڑیں لگا رہی ہے۔
چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دیکھا سُنا اور پڑھا تو یہ تھا کہ سیاسی لیڈران اور کارکنان گھبراتے نہیں، نظریے کے لیے بہادری سے گرفتاریاں پیش کرتے ہیں، حوصلے سے قید وبند کا سامنا کرتے ہیں، بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی لیڈران اور کارکنان نا قابلِ تلافی نقصانات برداشت کرتے ہیں مگر تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انقلابی جماعت ایسی بھی آئی جس نے ڈر کے مارے ٹانگ پر پلستر چڑھانے، سر پر بالٹیاں رکھنے، ویل چیرز پر بیٹھ جانے، اسپتالوں، کورٹ روموں، باتھ روموں میں چھپ جانے اور جوتیاں چھوڑ کر دوڑیں لگانے کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔