پی ٹی آئی رکن اسمبلی محمود مولوی کا پارٹی سے مستعفے کا اعلان

16 May, 2023 | 06:00 PM

Bilal Arshad

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے  صوبائی سنئیر نائب صدر محمود مولوی نے پارٹی اور قومی اسمبلی سے مستعفے کا اعلان کردیا اور کہا کہ کوئی بھی وجہ ہو  فوج سے لڑنا کسی بھی طرح جائز نہیں ہے۔

 تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود مولوی کا کہنا تھاکہ میں اعلان کررہا ہوں کہ میں پارٹی کو چھوڑ رہا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ مجھے ٹکٹ بھی خان صاحب نے دیا، پارٹی نے عزت دی،  لیکن میں اپنی فوج کے خلاف کبھی نہیں گیا، جو کچھ بھی ہوا وہ غلط ہوا فوج کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا، سیاسی پارٹیاں آتی رہتی  ہیں، فوج ایک واحد ادارہ ہے جو نہیں بدل سکتے، فوج کے نام پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہوں، مجھے  65 اور 71 کی جنگ اچھی طرح یاد ہے،بھارت کا باپ وہ کام نہ کر سکا جو فوج نے کیا۔

 محمود مولوی نے کہا کہ  جب پی ٹی آئی تو سمجھا سلجھی ہوئی جماعت ہے ,مجھے نہیں پتہ کہ پی ٹی آئی میں عسکریت پسند ونگ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ   کسی بھی جماعت میں جانے کا فیصلہ نہیں کیا، آج تک کوئی نہیں کہہ سکتا کے میں نے کسی کو دھوکا دیا، میں سیاست میں پیسہ بنانے کے لیے نہیں آیا، میرے اوپر ایک روپے کا کوئی کرپشن ثابت نہیں کرسکتا، میں نے کینیڈین شہریت لینے سے انکار کیا، میں اس دنیا سے وقار کے ساتھ جانا چاہتا ہوں۔

 ان کا کہنا تھا کہ دوسروں کو گندا کرکے سیاست کرنا میرا شیوا نہیں، میں نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی، انتخابات میں ووٹ کا ٹرن آؤٹ 90 فیصد ہونا چاہیے، 40 فیصد ٹرن آؤٹ ہوتا ہے پھر لوگ گالیاں دیتے ہیں کہ غلط لوگ آ گئے ہیں۔

 محمود مولوی کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو بھڑکانے والوں کو سزا ملنی چاہیے، میرا اشارہ عمران خان کی طرف نہیں ہے، میرا کوئی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ نہیں ہوا۔

 واضح رہے کہ محمود مولوی این اے 245 سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی تھے، وہ عمران خان کے دور حکومت میں مشیر بحری امور بھی رہے۔

مزیدخبریں