شہرقائد ایک بار پھر دھماکے سے گونج اٹھا؛ جانی نقصان

16 May, 2022 | 09:39 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا، دھماکے کا مقام اور نوعیت جاننے کے لئے پولیس روانہ ہوچکی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور  12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ میں زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں خاتون جان کی بازی ہار گئی، جاں بحق ہونے والی خاتون کی عمر تقریباً 21 برس بتائی گئی ہےجبکہ 12 افراد زخمی ہوئے، دھماکے کے بعد گودام میں آگ لگ گئی۔

ریسکیو ذرائع کا کہناہے کہ ایم اے جناح روڈ پر نیو میمن مسجد کے قریب گودام میں ہوا، دھماکے کے نتیجے میں موقع پرموجود متعدد موٹر سائیکلز کو نقصان پہنچا جبکہ موقع پر موجود ایک پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔دھماکا اقبال مارکیٹ کے گودام میں ہوا جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا ہے۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا دھماکے کی اطلاع ملی جس میں 12 افرادکے زخمی ہوئے، دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے،لوگوں کے جمع ہو جانے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔ دھماکے سے کچھ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے،خاتون جان کی بازی ہار گئی جبکہ سول ہسپتال میں 12 زخمی پہنچائے گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ قبل ازیں 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں دھماکا ہوا تھا  جس کے نتیجے میں چین کے 3 اساتذہ اور ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہو گئے تھے، کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے اس خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بی ایل اے نے قبول کی تھی۔ 

مزیدخبریں