حکومت کشمکش کا شکار؛ اہم اتحادی جماعت نے فوری انتخابات کا کہہ دیا

16 May, 2022 | 07:35 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)ایم کیوایم پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کو فوری الیکشن کی تجویز دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کردی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم رہنماؤں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ایم کیوایم پاکستان نے وزیراعظم کو فوری الیکشن کی تجویز دے دی۔ایم کیوایم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی دینا ہوگی، مشکل حالات میں ریاست کو دیکھنا ہے سیاست نہیں۔
ایم کیوایم نے مؤقف میں کہا کہ انتخابی اصلاحات ایک ہفتے میں ہوسکتی ہیں، عام انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، فریش مینڈیٹ لیا جائے دیر کی تو بدنصیبی ہوگی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے واضح کیا ہے کہ معاہدوں پر عمل نہ ہوا تو اپوزیشن میں بیٹھنے کا آپشن کھلا ہے، ہمارے معاہدوں پر سب سے زیادہ عملدرآمد پی ٹی آئی حکومت کیساتھ ہوا۔عمران خان کی حکومت میں اپوزیشن میں بیٹھنے کو تیار ہوگئے تھے۔

ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم نے سب سے آخر میں حکومت سےعلیحدگی کا فیصلہ کیا، ہمارے پاس عدم اعتماد پر نیوٹرل کا کوئی آپشن نہیں تھا ، عمران دورمیں ہمارے پاس دو آپشن تھے اعتماد یا عدم اعتماد۔ مردم شماری کا آغاز جون میں کیا جاسکتا ہے، ابھی تک سمجھ نہیں آرہی بجٹ کون بنائے گا، مشکلات سے کون نکالے گا۔رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہیے، ہماری کوشش ہے پوری طاقت سے سیاست میں واپس آئیں، ہم چھینی گئی 14 سیٹیں واپس لینا چاہتے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ 20منحرف ارکان کو سندھ ہاؤس میں دیکھا تو اتحادی ہونے پر فیصلہ لینا پڑا، معاہدوں پر عمل نہ ہواتواپوزیشن میں بیٹھنے کا آپشن کھلا ہے۔گورنر سندھ کے حوالے سے رہنماکا کہنا تھا کہ نسرین جلیل قابلیت میں عمران اسماعیل سے کسی طرح کم نہیں۔

انھوں نے مزید کہا بھارت کو لکھے خط پر انہوں اپنی پوزیشن 4 دن بعد کلیئرکردی تھی، اس خط کی ایک کاپی چیف جسٹس کو بھی بھجوائی تھی۔ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو معاشی صورتحال پر تشویش ہے، وزیر اعظم نے کل اتحادیوں رہنماوں کا مشاورتی اجلاس بلایا ہے۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف سے متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے کنوینر اور رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ملاقات ہوئی تھی‌۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو اور تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے وزیرِ اعظم کو عوامی فلاحی منصوبوں کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کرنے اور کراچی کی عوام کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایات پر خراجِ تحسین پیش کیا.
وزیرِ اعظم نے حکومتی اصلاحات کے نفاذ میں اتحادی جماعتوں کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہوئے مستقبل میں قومی مفاد کے فیصلوں میں اتحادیوں کے تعاون کو کلیدی قرار دیا۔

مزیدخبریں