فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور

16 May, 2021 | 08:15 AM

Sughra Afzal

جی پی او چوک (ملک اشرف) فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف لاہور ہائیکورٹ بار کا ویڈیو لنک جنرل ہائوس اجلاس  فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی گئی۔

صدر لاہور ہائیکورٹ بار مقصود بٹر کی زیر صدارت ویڈیو لنک جنرل ہاؤس اجلاس منعقد ہوا۔ کورونا ایس او پیز اور عید کی چھٹیوں کے باعث ویڈیو لنک اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری خواجہ محمد عباس، سابق ڈپٹی ٹارنی جنرل راجہ عبدالرحمان، ایڈووکیٹ راجہ ذیشان، ایڈووکیٹ سید طیب محمود جعفری، سابق صدر ہائیکورٹ بار میاں عبدالقدوس، چوہدری ذوالفقار،سلیمان منصور، مرزا عامر بیگ، شمیم الرحمان ملک، ظفر اقبال کلانوری سمیت دیگر وکلاء نے شرکت کی۔

وکلاء نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کو فلسطینی عوام پر ہونے والے اسرائیلی مظالم کے خلاف اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور حکومت پاکستان کو بھی متعلقہ فورمز پر فلسطین کے معاملے کوموثر انداز میں اٹھانا چاہیئے۔

اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے خون کی پیاسی ہوگئی، اسرائیلی فضائیہ کی مسلسل رہائشی علاقوں پر بمباری جاری، متعدد عمارتیں زمین بوس، ہزاروں فلسطینی بے گھر،غزہ کی دوسری بڑی عمارت برج الجلا بھی اسرائیلی میزائل حملے میں تباہ ہوگئی، 40 بچوں سمیت   140 افراد شہید ہوگئے،  1200سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی ظلم نے دل رلا دیئے۔ ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، ہر گھر سے جنازے اٹھ رہے ہیں، چیخ وپکار کی آواز دور دور تک سنائی دے رہی ہے تاہم عالمی ضمیر خاموش ہے صیہونی فورسز رہائشی علاقوں پر تباہ کن بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں