(مانیڑنگ ڈیسک ) برطانیہ کے علاقے ویلز کے فارم میں عجیب و غریب تین آنکھوں والا بچھڑا دیکھا گیا جسے دیکھ کر لوگ حیران و پریشان ہوگئے, بچھڑا کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
ویلز کے ایک فارم میں جانوروں کی ڈاکٹر 'مالن ہیوز' معائنہ کی غرض سے گئیں تو انہوں نے تین آنکھوں والا بچھڑا دیکھا جس کی تصاویر انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس بچھڑے کی عمر 4 ماہ ہے جو کہ صحت مند ہے جب کہ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا اسے اس تیسری اضافی آنکھ سے کچھ دکھائی دیتا ہے یا نہیں۔
مالن ہیوز کے مطابق بحیثیت ڈاکٹر اس قسم کا جانور انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ بظاہر اس کی یہ آنکھ بالکل ٹھیک لگتی ہے لیکن اس کی آنکھ میں سے کسی قسم کا مواد خارج ہو رہا ہے، اس لیے یہ جاننا ناممکن ہے کہ دراصل اس کی آنکھ کے اندر ہو کیا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں بھارت کے گاؤں پاراسالائی میں عجیب الخلقت گائے کے بچے کی پیدائش ہوئی تھی جس کے دو سر، چار آنکھیں، دو منہ اور دو کان تھے۔
گائے کے بچے کو دیکھنے کے لیے دور دراز کے شہروں سے لوگ آ رہے تھے، کسان بھشکر کا کہنا تھا کہ زمینداری کے ساتھ مویشی پالنے کا کام اُن کا جدی پشتی ہے مگر وہ پہلی بار اس طرح کی گائے دیکھ رہے ہیں۔