(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹرز کو مرحلہ وار میدان میں لانے کا فیصلہ کرلیا ، پی سی بی حکام کھلاڑیوں کو میدان میں لانے کے لئےلائحہ عمل بنانے میں مصروف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نےقومی کرکٹرز کو مرحلہ وار کھیل کی طرف لانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں
قومی کرکٹرز کے لیے ریٹرن ٹو ٹریننگ پروگرام ترتیب دیا جارہاہے،پی سی بی کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سہیل سلیم کھلاڑیوں کے لئے ریٹرن تو ٹریننگ پروگرام بنا رہے ہیں۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ پلان کے مطابق آئندہ ہفتے سے کھلاڑی انفرادی طور پر ٹریننگ شروع کریں گے جبکہ جون کے پہلے ہفتے میں کھلاڑیوں کےساتھ ٹریننگ کا پلان بنایا جائے گا،،پلان کے مطابق قومی کھلاڑی اجتماعی ٹریننگ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کریں گے ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لیے محفوظ جگہ بنایا جائے گا۔
ڈاکٹر سہیل سلیم ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کی مشاورت سے پلان بنا رہے ہیں قومی ٹیم کے اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ یاسر ملک بھی ریٹرن ٹو ٹریننگ پروگرام کی پلاننگ میں معاونت کررہے ہیں ۔ اس پروگرام کا مقصد کھلاڑیوں کو آہستہ اہستہ کرکٹ کی طرف لانا ہے۔