درنایاب: لاہور شہر میں سرکار بدل گئی ،حکمران تبدیل ہوگئے لیکن نہ بدلی حالت تو بیدیاں روڈ کی حالت نہ بدلی . ٹوٹی سڑکیں ،خراب سیوریج سسٹم اور گردوغبار میں اٹے رہنا بیدیاں روڈ کی شناخت بن گئی ۔
بیدیاں روڈ رنگ روڈ نواز شریف انٹرچینج سے شروع ہوکر شہر کے دیگر علاقوں کو ملاتی ہے، کئی سال گزر گئے، اس سڑک کے حالات نہ بدلے ۔ جگہ جگہ کھڈے ، کھلے گٹر اور جابجا کوڑا انتظامیہ کی غفلت کا راگ الاپ رہے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہےکہ تبدیلی کے لالی پاپ توبہت دئے گئے لیکن نتائج صفر رہے۔
بیدیاں روڈ پر کاروبار کرنے والے کروڑ پتی سے لکھ پتی اوراب ککھ پتی ہونے کے قریب ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہاں آتے کاروباری افراد پریشان ہوجاتے ہیں گاہک کیسے آئیں گے ؟
ایل ڈی اے نے سابق دور حکومت میں دو رویہ سڑک بنانے کا پلان بنایا، سابق حکومت نے گرین سگنل بھی دیا لیکن پھر نہ حکمران رہے نہ بیدیاں روڈ کے مکینوں کا پرسان حال رہا،ضرورت اس امر کی ہے کہ بیدیاں روڈ کو نئے سرے سے تعمیر کرایا جائے۔