( عمر اسلم ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا حکومتی وزراء کی شہبازشریف کے خلاف پریس کانفرنس پر ردعمل کہتی ہیں کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دو سال الزامات کا پہاڑ کھودا اور نکلا 49 لاکھ کے الزام کا چوہا، سالانہ آٹھ کروڑ انکم ٹیکس دینے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کا مضحکہ خیز الزام لگانے پر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ڈوب مرنا چاہے۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اربوں کھربوں کے منصوبے لگانے اور ان میں اربوں کی بچت کرنے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کا الزام احتساب کے جنازے کی فاتحہ ہے۔ کوئی شرم، کوئی حیا ہوتی ہے جبکہ آئی ایف ایم جانے پر تو عمران خان نے خودکشی نہیں کی 49 لاکھ کے الزام پر آج خود کشی کرلیں، کیونکہ ان کا کرپشن کا جھوٹا بیانیہ اب نہیں بک رہا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ احتساب کے ٹھیکداروں کو چار چیلنج دئیے تھے، جن کا اب تک جواب نہیں آیا جبکہ ناکام، شرمندہ اور ہارے ہوئے ٹولے کاشریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف کرپشن کا بیانیہ جھوٹ ثابت ہوچکا ہے اورعمران صاحب کی آٹا چینی چوری ڈکیتی کی رپورٹ چھپائی جارہی ہے اس لئے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہر روز تماشا لگاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمپنیز آرڈیننس میں ترمیم کے ذریعے نئی ڈکیتی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے آج کی پریس کانفرنس کی گئی اور عمران صاحب کے اربوں روپے کے 23 خفیہ اکاونٹس، فارن فنڈنگ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹرکیسزمیں کرپشن ہوئی، اس کا حسا ب دیں جبکہ بلین ٹری سونامی، 100 ارب کے بی آرٹی کھڈوں، 500 ارب آٹا چینی اور 580 ارب سے زائد ادویات کے ڈاکے کا حساب دیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عدالتوں میں ثبوت نہ دینے والی ناکام شکلیں سرکاری خرچ اور سرکاری عمارتوں میں الزامات کے سرکس سے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتیں۔