ہسپتالوں میں پناہ گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ ختم کرنے کی تجویز

16 May, 2020 | 11:28 AM

Sughra Afzal

(علی رامے) کورونا وائرس  کے باعث مالی مشکلات کا سامنا، صوبائی دارالحکومت لاہور کے ہسپتالوں میں پناہ گاہوں کی تعمیر کا منصوبہ ختم کرنے کی تجویز دے دی گئی۔

پنجاب حکومت نے لاہور کے ہسپتالوں میں 12 کروڑ روپے کی لاگت سے 6 پناہ گاہوں کی تعمیرکا منصوبہ بنایا تھا، ذرائع کےمطابق موجودہ مالی سال میں 8 کروڑ مختص کیے گئے لیکن مالی مشکلات کے بعد مختص شدہ فنڈز ختم کردیئے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں میں پناہ گاہیں تعمیر کرنے کی بورڈ آف گورنرز نے تجویز دی تھی اور محکمہ سوشل ویلفیئر کو ریونیو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، مگر بورڈ آف گورنرز ہسپتالوں میں پناہ گاہوں کی عمارتوں کے قیام میں ناکام رہا، اب رواں سال پناہ گاہوں کی تعمیر میں ناکامی پر منصوبہ ختم کرنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔ صوبائی کابینہ لاہورکے ہسپتالوں میں 6 پناہ گاہوں کی تعمیر کےمنصوبے کی بندش کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق کورونا سے پنجاب کی معیشت کو تاریخی نقصان  پہنچے گا، پی اینڈ ڈی بورڈ کی جانب سے رپورٹ تیار کرلی گئی،  رپورٹ میں کورونا کی وجہ سے پنجاب حکومت کو 18 کھرب روپے تک نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ پنجاب میں 30 سے 40 لاکھ ملازمتیں فوری طور پر ختم ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا  پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو مزید 47 لاکھ ملازمتوں کو نقصان پہنچے گا،  پنجاب میں خط غربت میں زندگی گزارنے والی 23 فیصد آبادی بڑھ کر 33 فیصد تک ہو جائے گی،آبادی کا 19 فیصد متوسط طبقہ بھی خط غربت کی لکیر تک پہنچ جائے گا۔

دوسری جانب ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے پنجاب سے متعلق ایک تہلکہ خیز رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے پنجاب کو 23 کھرب روپے کا نقصان ہوگا، صوبے میں ایک کروڑ 12 لاکھ افراد بیروزگار ہو سکتے ہیں، پنجاب حکومت نے وزیراعظم سیکرٹریٹ کو رپورٹ ارسال کر دی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نے لاہور  میں پنجے گاڑ لیے، اب تک کورونا وائرس سے لاہور میں 6808  افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 88 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 24 مارچ سے لاہور میں لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

 

مزیدخبریں