لوئرمال (وقاص احمد) ٹریفک پولیس نے جاز کیش اور ٹیلی نار ایزی پیسہ کے ذریعے چالان جمع کرانے کی سہولت متعارف کروا دی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق ٹریفک چالان جمع کرانے کیلئے اب بینکوں کے باہر قطاریں کم ہوجائیں گی۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہورکیپٹن (ر) حماد عابد کے مطابق شہری اب ایزی پیسہ اور جازکیش کے ذریعے بھی چالان جمع کروا سکیں گے۔اس سے پہلے شہریوں کو آن لائن بینکنگ اور اے ٹی ایم سے جرمانہ جمع کروانے کی سہولت دی گئی تھی۔سٹی ٹریفک پولیس اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے الیکٹرانک پیمنٹ سسٹم جاری کیا گیا ہے۔
اس کے استعمال سے 10روزکے دوران 12 سو سے زائد چالان ٹکٹس پر جرمانے وصول کئے جاچکے ہیں۔ سید حمادعابد کا کہناہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شہریوں کی سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے، چالان کی صورت میں شہری موقع پر ہی جرمانہ جمع کروا کر کاغذات واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او ) لاہورکیپٹن (ر) حماد عابد کا کہنا تھا کہ مینول ورک کو کمپیوٹرائزڈ کیا جا رہا ہے, ہمارا مقصد شہریوں کےلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
اس سے قبل چیف ٹریفک آفیسر ملک لیاقت نے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر چالان جمع کرانے کے لئے ای ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ چالان ہونے پر شہری موقع پر ہی آن لائن جرمانہ ادا کرسکے گا، ٹریفک پولیس چالان جمع کرانے کے لئے ایپ متعارف کرائے گی، جس پر آئی ٹی ٹیم جلد کام مکمل کر لے گی جبکہ ای ایپ سے شہری موقع پر ہی چالان کا جرمانہ جمع کروائیں گے اور چالان جمع ہونے کے بعد موقع پر ہی انہیں کاغذات واپس کر دیئے جائیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر ملک لیاقت کا کہنا تھا کہ ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔